فنکاروں کی زندگی میں انہیں کوئی نہیں پوچھتا لیکن ان کی موت پر پیسے کمائے جاتے ہیں، نوشین شاہ

0
617

کراچی:

اداکارہ و ماڈل نوشین شاہ نے شوبز انڈسٹری اور معاشرے کے دوہرے معیار پر بھڑکتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے یہاں فنکاروں کی زندگی میں انہیں کوئی نہیں پوچھتا لیکن جب وہ مرجاتے ہیں تو ان کی موت پر مختلف شوز کرکے پیسے کمائے جاتے ہیں۔

اداکارہ نوشین شاہ نے عفت عمر کے شو میں سینئر فنکاروں کے ساتھ ہونے والے سلوک کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں سینئر فنکاروں کو ان کی زندگی میں کوئی نہیں پوچھتا نہ کوئی کام دیتا ہے لیکن جب وہ مرجاتے ہیں تو مختلف چینلز اور مارننگ شوز پر پروگرام کرکے ان کی موت پر پیسے کمائے جاتے ہیں۔

نوشین شاہ نے کہا جب وہ زندہ ہوتے ہیں آپ کہاں ہیں، اس وقت ان کی کوئی مدد کیوں نہیں کرتا۔ نوشین شاہ نے قندیل بلوچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قندیل بلوچ جب زندہ تھی تو کیوں گالیاں دیں آپ نے جب وہ مرگئی تو آپ نے اس پر ڈراما بنادیا مجھے معاشرے کا یہ دوہرا معیار سمجھ نہیں آتا، یہ بہت افسوسناک ہے۔

نوشین شاہ نے پاکستانی انڈسٹری کا بیرون ممالک کی انڈسٹریوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ باہر کے ممالک میں ایسا نہیں ہوتا اور شاید ایسا اسلیے ہے کہ وہاں فنکاروں کو معاوضہ بہت زیادہ ملتا ہے تو انہیں بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن ہمارے یہاں سینئر فنکاروں کی یہ حالت ہوجاتی ہے کہ نوبت بھیک مانگنے تک آجاتی ہے۔

اس موقع پر شو کی میزبان عفت عمر نے پاکستان کی سینئر اداکارہ نگہت بٹ کا حوالہ دیا۔ یاد رہے کہ نگہت بٹ کا دو ماہ قبل انتقال ہوچکا ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے آخری لمحات نہایت کسمپرسی میں گزارے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here