مالی سال کے پہلے 5 ماہ، ٹیکس وصولیاں ہدف سے200 ارب روپے کم

0
88

اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ کے دوران20 فیصد اور رواں ماہ کے دوران35 فیصد ریونیو گروتھ کے باوجود مالی سال20۔2019ء کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر2019ء)کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا عبوری ریونیو شارٹ فال بڑھ کر200 ارب روپے کے لگ بھگ تک جانے امکان ہے جبکہ صرف نومبرکے دوران 30 ارب روپے سے زائدکا شارٹ فال رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے رواں ماہ(نومبر)کے دوران اب تک327 ارب روپے کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں کی ہیں اور اس لحاظ سے ایف بی آر کو رواں ماہ کیلئے مقرر کردہ 411.42ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کیلئے آج(ہفتہ)84.42ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کرنا ہونگی۔

اسی طرح فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رواں مالی سال کے پہلے پانچ(جولائی تا نومبر)کیلئے گذشتہ رات گئے تک مجموعی طور پر 1610 ارب 60 کروڑروپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کیلئے مقرر کردہ ہدف 1858.55ارب روپے ہے اور پانچ ماہ کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کیلئے آج (ہفتہ) 247.9 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس وصولیاں کرنا ہونگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایف بی آرآج 44 ارب روپے کی وصولیاں بھی کرتا ہے تو اس صورت میں بھی چار ماہ کا ریونیو شارٹ فال207 ارب روپے کے لگ بھگ رہے گا۔’’ایکسپریس‘‘کو دستیاب عبوری اعداد وشمار کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے رواں مالی سال 20۔2019ء کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ٹیکس دہندگان کو صرف 37.5 ارب روپے ریفنڈ جاری کئے گئے جبکہ رواں ماہ (نومبر)کے دوران دو ارب نوے کروڑ روپے کے ریفنڈ جاری کئے گئے ہیں۔ ایف بی آر کی طرف سے آئی ایم ایف سے طے شدہ اہداف حاصل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات میں مزید اضافہ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کیلئے براہ راست ٹیکسوں کی مد میں مقرر کردہ انکم ٹیکس وصولیوں کے639.18 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں اب تک573 ارب50 کروڑ لاکھ روپے جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس وصولیوں کے مقرر کردہ 768.75ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں اب تک714 ارب50 کروڑ روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کیلئے مقرر کردہ 113.98ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں اب تک 99ارب30 کروڑ روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں مقرر کردہ 337 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں اب تک260 ارب80 کروڑ روپے وصول کئے گئے ہیں ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here