کراچی: ٹی پی ایل کارپوریشن کے ذیلی ادارے ٹی پی ایل ٹریکرنے ایک ارب 40 کروڑ روپے کے سرمائے کے حصول کے لیے اولین عوامی پیشکش کرنے کافیصلہ کرلیاہے جس کے تحت ٹی پی ایل ٹریکرز 11کروڑ 57 لاکھ 19ہزار 500 حصص عوام کو فروخت کرنے کی پیشکش کرے گی۔
ٹی پی ایل کارپوریشن کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو بھیجے گئے مکتوب میں کہاگیاہے کہ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ٹی پی ایل ٹریکرز کو اسٹاک ایکس چینج میں اندراج کرانے کی بھی منظوری دے دی ہے جس کے لیے کمپنی کی جانب سے ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس کوباقاعدہ درخواست دی جائے گی۔
ٹی پی ایل کارپوریشن کے سی ایف او عدنان کھانڈ والانے ایکسپریس سے بات چیت کے دوران بتایاکہ ٹریکینگ بزنس کیلیے اگرچہ100 سے زائد کمپنیوں کو لائنسنس کااجرا ہوا ہے لیکن ٹی پی ایل ٹریکر کمپنی نے اپنے کاروبارکے دائرہ کار کو گاڑیوں کی ٹریکنگ سے وسعت دیتے ہوئے ’’انٹرنیٹ آف تھنگز‘‘ تک بڑھا دیا ہے جس سے کوئی بھی صارف کمپنی کہیں سے بھی اپنی سپلائی چین کے معاملات سے باخبر رہ سکے گی اور صارف کمپنیاں ٹریکر سینسرزکے ذریعے روزمرہ استعمال کی مشینری کی فیولنگ، استعمال ہونے اورخریدے جانے والے پانی کی درست مقدار سے آگاہ ہوسکیں گے۔