کراچی:
چین اورکوریا سے مصنوعی ماربل کی آڑ میں درآمد ہونے والے کوریان شیٹ کے کنسائنمنٹس کی منظم کلیئرنس کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مس ڈکلریشن کے ذریعے کوریان شیٹ کے کنسائنمنٹس کی غیرقانونی کلیئرنس کے باعث قومی خزانے کو کسٹم ڈیوٹی و دیگر ٹیکسوں کی مدمیں ماہانہ کروڑوں روپے کانقصان پہنچ رہا ہے۔
کوریان شیٹ پلاسٹک دانہ سے تیارکی جاتی ہے جو ماربل کے متبادل کے طور پرکچن، باتھ روم، دفاتر، دکانوں سمیت دیگر جگہوں کی خوبصورتی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ متعدددرآمدکنندگان کی جانب سے چین اورکوریاسے کوریان شیٹ کے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کرائی گئی ہے۔
ان کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے درآمدکنندگان نے محکمہ کسٹمز میں داخل کردہ گڈز ڈکلریشن میں اپنے کنسائنمنٹس میں مصنوعی ماربل ظاہرکرکے 0.25 ڈالر کلوگرام تا0.30 ڈالر فی کلوگرام کے عوض کلیئرنس حاصل کرکے کسٹم ڈیوٹی ودیگرٹیکسوں کی مدمیں کم ادائیگیاں کیں جبکہ کوریان شیٹ کی کلیئرنس 2 ڈالر فی کلوگرام کے حساب سے کی جاتی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ کوریان شیٹ اورمصنوعی ماربل کی کسٹمز ویلیوایشن رولنگ نہ ہونے کی وجہ سے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس محکمہ کسٹمزمیں دستیاب درآمدی ڈیٹاکے تحت کی جاتی ہے جو خام مال کی قیمت سے 4گنا کم ہے جبکہ دوسری جانب کوریان شیٹ اورمصنوعی ماربل کی بظاہر شباہت چونکہ یکساں ہیں اس لیے درآمدکنندگان ایگزامننگ افسران کے ساتھ مبینہ طورپرمل کرکسٹمز ایگزامنیشن رپورٹ میں کوریان شیٹ کے بجائے مصنوعی ماربل ظاہرکرتے ہیں۔ اس طرح درآمدکنندگان کو کسٹم ڈیوٹی ودیگرٹیکسوں کی مدمیں لاکھوں روپے چوری کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ کوریان شیٹ کے کنسائنمنٹس کی غیرقانونی طورپر منظم کلیئرنس پر محکمہ کسٹمزکے اعلیٰ حکام کوآگاہ کیاگیا تو محکمہ کسٹمزنے بندرگاہ پر موجود ایسے کنسائنمنٹس کو روک کراس میں موجود سامان کا لیبارٹری ٹیسٹ کروایا تو اس حقیقت کا انکشاف ہواکہ درآمدکنندگان کی جانب سے مصنوعی ماربل کی آڑمیں کوریان شیٹ کے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کروائی جارہی تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ درآمدکنندگان کی جانب سے 12فٹ کی ایک کوریان شیٹ کی درآمدی ویلیو0.22ڈالر فی کلوگرام تقریباً 2340روپے ظاہرکی جاتی ہے جبکہ 12فٹ کی شیٹ مارکیٹ میں 60ہزارروپے تک فرخت کرکے منافع کمایا جارہا ہے لیکن اس بے قاعدگی کی وجہ سے قومی خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہاہے۔