اسلام آباد:
سعودی عرب نے پاکستان میں 20 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے حوالے سے پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشنز کونسل کے اگلے اجلاس سے قبل ٹھوس پیش رفت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بھی اس ضمن میں خصوصی کاوش کرنا ہو گی تاکہ تمام منصوبے اپنی پیش رفت کی جانب بڑھ سکیں۔
سعودی عرب کے نائب وزیر برائے توانائی خالد صالح المظافر نے ایک ملاقات میں بتایا کہ مجوزہ منصوبے اپنی نوعیت کے اعتبار سے بڑے ہیں جن کی تکمیل میں وقت اور تحقیق درکار ہے مگر سعودی قیادت ان منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خواہاں ہیں،سعودی وزیر کی قیادت میں وفد فروری میں شہزادہ محمد بن سلیمان کے دورہ پاکستان پر طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کے دورہ پر ہے۔
سعوی وزیر نے بتایا کہ پاک سعودی سپریم کوارڈینیشنز کونسل کے اگلے اجلاس سے قبل مجوزہ منصوبوں پر ٹھوس پیش رفت کا عزم پایا جاتا ہے، یہ اجلاس آئندہ سال کے اوائل میں ہو گا اور سعودی شاہی خاندان کی خواہش ہے کہ اس اجلاس کے انعقاد سے قبل جو وقت میسر ہے اسے منصوبوں کی جلد تکمیل پر صرف کیا جائے۔
سعودی شہزادہ کے مذکورہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس، توانائی کے منصوبے اور معدنی ذرائع میں سرمایہ کاری شامل تھی،یہ تمام منصوبے بلوچستان میں شروع کئے گئے ہیں۔
سعودی عرب نے پاکستان کی 3 ارب ڈالر مالی مدد بھی کی تھی، اس کے علاوہ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ادھار دیا تھا، سعودی عرب گوادر میں 10 سے 12 ارب ڈالر لاگت سے گہری بندر گاہ بھی تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔