مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی دن پر یوم سیاہ اور مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال

0
103

سری نگر:

انسانی حقوق کے عالمی دن کو دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے  کے مطابق دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، بھارتی جارحیت کے شکار کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔ اس مناسبت سے دنیا بھر میں عالمی قوتوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانے کے لیے اجتماعات منعقد کیے گئے، بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سیاہ پرچم لہرائے گئے۔

 

مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اور آج وادی میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ کاروباری سرگرمیاں موقوف اور معمولات زندگی معطل ہیں۔ چپے چپے پر تعینات بھارتی فوج سے بے خوف کشمیریوں نے احتجاجی اجتماعات منعقد کیے اور مودی سرکار کی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور عوامی مقامات پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔

قبل ازیں کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے انسانی حقوق کے عالمی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی تھی جب کہ غیور کشمیریوں کو اس دن مکمل ہڑتال کرنے اور سیاہ پرچم لہرانے کی ہدایت کی تھی۔ کشمیری مظاہرین کشمیر بنے گا پاکستان کے واشگاف نعرے لگائے۔

کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے 1989 سے لے کر اب تک 95 ہزار 471 کشمیریوں کو شہید کیا، 7  ہزار 135 ماورائے عدالت قتل ہوئے جب کہ  11 ہزار 175 خواتین کی بے حرمتی اور ایک لاکھ 94 ہزار 451 املاک کو تباہ کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here