لاہور:
عابد علی نے رنز کے انبار لگاتے ہوئے پہلی ٹیسٹ سیریز ہی یادگار بنالی، اوپنر نے 160.50کی اوسط سے 321رنز جوڑے۔
راولپنڈی میں ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے عابد علی نے اپنے کیریئر کی اولین سیریز میں ہی تسلسل کے ساتھ رنز بناتے ہوئے روشن مستقبل کی نوید سنا دی۔
اوپنر نے 160.50کی اوسط سے 321رنز جوڑے،انھوں نے سب سے بڑی174 اننگز کی کراچی ٹیسٹ میں کھیلی، بابر اعظم 262 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، وہ 3میں سے 2 اننگز میں ناقابل شکست رہے،اس وجہ سے اوسط 262رہی، انھوں نے سب سے بڑی اننگز 102ناٹ آؤٹ کی کھیلی، کراچی ٹیسٹ میں سنچری کی بدولت اظہر علی پاکستان کے تیسرے کامیاب ترین بیٹسمین رہے،انھوں نے 51.33 کی ایوریج سے 154رنز بنائے، شان مسعود نے 46.66 کی اوسط سے ایک سنچری سمیت 140رنز اسکور کیے۔
اسد شفیق کو ایک ہی اننگز کھیلنے کا موقع ملا جس میں انھوں نے 63رنز بنائے، محمد رضوان 2اننگز میں 25رنز بنا سکے،حارث سہیل کو ایک ہی بار کریز پر آنے کا موقع ملا جس میں وہ صرف 9رنزتک محدود رہے۔
دوسری جانب بولنگ اٹیک کی قیادت نوجوان پیسرز نے سنبھالی، شاہین شاہ آفریدی 23.25کی اوسط سے 8شکار کرکے دونوں ٹیموں میں شامل تمام بولرز کو پیچھے چھوڑ گئے۔ ان کی بہترین بولنگ 77رنز کے عوض 5وکٹیں رہی،نسیم شاہ نے 27.71 کی ایوریج سے 7شکار کیے، بہترین کارکردگی 31رنز کے عوض 5وکٹیں رہی،محمد عباس 26.66کی اوسط سے 6شکار کرنے میں کامیاب ہوئے،بہترین بولنگ 71رنز دے کر 4وکٹیں رہی۔
حارث سہیل نے 16.50کی ایوریج سے 2پلیئرزکو پویلین بھیجا، یاسر شاہ ایک بار پھر فارم کے متلاشی رہے، انھوں نے ہوم کنڈیشنز کے باوجود 63.50کی اوسط سے صرف 2وکٹیں حاصل کیں، علالت کے سبب دوسرا ٹیسٹ نہ کھیل پانے والے عثمان شنواری نے راولپنڈی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 54رنز دے کر ایک شکار کیا تھا۔