کراچی:
آئی سی سی ایونٹس کی طرز پر پی ایس ایل میں بھی ’’فین پارکس‘‘ بنائے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن20 فروری سے22 مارچ تک منعقد ہوگا۔ پہلی بار تمام میچز کا انعقاد ہوم گراؤنڈز پر کیا جا رہا ہے، کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میچز کی میزبانی کرینگے، ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلیے مختلف اقدامات پر غور جاری ہے، آئی سی سی ٹورنامنٹس کی طرز پر ’’فین پارکس‘‘ بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔
ایونٹ میں شریک تمام6 ٹیموں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے ’’ فین پارکس‘‘ بنیں گے، وہاں شائقین بڑی اسکرین پر اسٹیڈیم جیسے ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
گذشتہ برس انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈکپ کے دوران ’’ فین زونز‘‘ میں ہزاروں افراد آتے تھے، پی سی بی کو یقین ہے کہ پاکستان میں بھی ایسا ہی ہو گا، رواں برس اور آئندہ سال کیلیے کمرشل پارٹنر شپ رائٹس کے ٹینڈرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ایک فرنچائز آفیشل نے کہا کہ ’’فین پارکس‘‘ کا منصوبہ اچھا ہے، اس سے شائقین کو ایونٹ کے ساتھ جوڑنے میں مزید مدد ملے گی،البتہ ابھی ہمارے پاس اس حوالے سے بہت زیادہ تفصیلات نہیں ہیں، زیادہ اچھا یہ ہوگاکہ ان شہروں میں بھی ’’فین پارکس‘‘ بنائے جائیں جہاں میچز نہیں ہو رہے، جیسے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رواں برس اپنے شہروں میں کوئی میچ نہیں کھیل سکیں گی،اگر وہاں ’’فین پارکس‘‘ بنائے جائیں تو شائقین کی محرومی کا کسی حد تک ازالہ ہو سکے گا۔