لاہور:
قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ دوسرے روز بھی جاری ہیں سابق کپتان سرفراز احمد کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری فٹنس ٹیسٹ کےدوران ہیڈکوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقاریونس نے بھی کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا۔ سابق کپتان سرفراز احمد کے فٹنس میں نمایاں بہتری کی اطلاعات ہیں۔
پہلے روز ہونے والے ورک آوٹ میں اوپنر عابدعلی،شان مسعود،بابر اعظم بھی کافی حدتک بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ حارث سہیل،محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی،امام الحق کا فٹنس لیول بھی بہتر دکھائی دیا۔پہلے مرحلے میں عماد وسیم اور یاسرشاہ بھی فٹنس دینے والوں میں شامل ہیں۔
ٹرینر یاسر ملک دودن میں لیے گئے مختلف جسمانی مشقوں کی رپورٹ تیار کرکے اس بات کا تعین کریں گے کہ کون سا کھلاڑی مطلوبہ لیول تک رسائی پانے میں سرخرو ہواہے اورکس کا فٹنس لیول نیچے گرا ہے۔
پی سی بی نے پہلےہی یہ اعلان کررکھاہے کہ جس کرکٹرز کی فٹنس تسلی بخش نہیں ہوگی، اس کی ماہانہ تنخواہ میں سے 15 فی صد کٹوتی ہوگی اور یہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وہ فٹنس کا مطلوبہ معیار نہیں پالیتا۔ چند دن بعد دوسرا مرحلہ رکھاگیاہے جس میں باقی رہ جانے والے 9 کرکٹرز کی فٹنس کو جانچاجائے گا۔ شام تک رپورٹ تیار کرکے ٹیم انتظامیہ کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔