وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف بغاوت کا الزام؛ عاطف خان سمیت 3 وزرا فارغ

0
132

پشاور:

خیبر پختونخوا کابینہ میں سینیئر وزیر عاطف خان سمیت 3 اہم وزرا کو مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ کے خلاف بغاوت کے جرم میں کابینہ سے فارغ کردیا گیا ہے۔

گورنر ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے آئین کے آرٹیکل 132 کی دفعہ 3 کے تحت سینیئر صوبائی وزیر عاطف خان، وزیر صحت شہرام تراکئی اور وزیر مال و ریونیو شکیل احمد سے ان کے قلمدان واپس لے لئے ہیں، یہ تینوں اب کابینہ کا حصہ نہیں اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

 

گروپ بندی کی تصدیق

دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ سے 3 وزرا کو فارغ کیا گیا ہے، فارغ کیےگئے وزرا میں ایک وزیر وزارت اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے، تینوں وزرا ابتدا ہی سے پارٹی پالیسی کی مخالفت کررہے ہیں، ایک عرصے سے یہ تینوں گروپنگ کررہے تھے، تینوں کےعمل سےپارٹی اورحکومت کو نقصان پہنچ رہاتھا، تینوں کو سمجھایا یہاں تک کہ بات وزیراعظم تک پہنچ گئی، مجبوراً یہ فیصلہ کرنا پڑا کیونکہ گروپ بندی میں پارٹی خاموش رہتی ہے تومسائل پیدا ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان اور پنجاب کی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے آغاز کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی عاطف خان، شہرام ترکئی اورشکیل احمد کی جانب سے محمودخان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی کوششیں شروع کی گئیں تاہم وزیراعلی محمود خان نے پہلے مرحلے میں شہرام ترکئی سے بلدیات کی وزارت لیتے ہوئے انھیں صحت کامحکمہ حوالے کیاتاہم جب بغاوت ختم ہونے کی بجائے بڑھتی چلی گئی توانہوں نے تینوں وزراء کوکابینہ سے فارغ کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں وزراء کو فارغ کرنے کے لیے وزیراعلی نے وزیراعظم عمران خان سے ہدایات لی ہیں جس کے بعد یہ ایکشن لیا گیا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد ہی 3 نئے وزراء کابینہ کاحصہ بنائے جائیں گے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here