رابی پیرزادہ اژدھے اور مگرمچھ رکھنے کے کیس میں بری

0
312

لاہور:

رابی پیرزادہ کو گھر میں غیرقانونی طور جنگلی جانور رکھنے کے کیس میں بری کردیا گیا۔

محکہ تحفظ جنگلی حیات نے گزشتہ برس رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں چالان درج کیاتھا۔ گزشتہ روز چالان کی سماعت مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن کی عدالت میں ہوئی، جج حارث صدیقی نے کیس کی سماعت کی۔

جج نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد رابی پیرزادہ کے خلاف محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے رابی کو بری کرنے کا فیصلہ دیا۔

 

 

کیس میں بری ہونے کے بعد رابی پیرزادہ نے انسٹاگرام پر کیس کا فیصلہ اپنے حق میں ہونے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا اللہ نے مجھے وائلڈ لائف والے کیس میں سرخرو کرادیا۔ ویڈیو پیغام میں رابی پیرزادہ نے محکمہ وائلڈ لائف کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہم فلمی ہیروئنز تھوڑی ہیں جو آپس میں لڑ رہے ہیں۔ رابی پیرزادہ نے محکمہ وائلڈ لائف کو ان کے ساتھ کام کرنے کی دعوت بھی دی اور کہا آئیں مل کر جنگلی حیات اور انسانوں کی دوستی کے لیے کام کرتے ہیں۔

 

رابی نے کہا اگر میں پرانی والی رابی ہوتی تو آپ کو چار باتیں سناتی اور کہتی کہ مودی کے لیے ویڈیو بنانے کی وجہ سے آپ نے مجھ پر کیس دائر کیا لیکن اب ایسا نہیں ہے جو بھی میں نے آپ سے پہلے کہا اس کے لیے میں معافی چاہتی ہوں۔ رابی پیرزادہ نے کہا میں وائلڈ لائف کے ساتھ مل کر جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مفت کام کرنا چاہتی ہوں آئیں مل کر کام کریں اور چیزوں کو بہتر کریں۔

واضح رہے کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے گزشتہ برس 13 ستمبر کو گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں وائلڈ لائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2007 کی دفعات 9 اور 12 کے تحت تحفظ شدہ حشرات کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھنے پر چالان درج کیاتھا۔ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر تنویر جنجوعہ نے بتاتھا کہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اژدھے، سانپوں، مگر مچھ اور شیر کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں جس کی بنا پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

 

محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے چالان درج کرنے پر رابی پیرزادہ نے ردعمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ یہ سانپ، اژدھے اور مگر مچھ ان کے نہیں ہیں بلکہ وہ سپیروں وغیرہ سے  لے کر ان کے ساتھ ویڈیو بناتی ہیں اور اس کے بدلے ان غریب سپیروں کو پیسے ادا کرتی ہیں جس سے ان کا بھی بھلا ہوجاتا ہے۔

 

اسی ویڈیو میں رابی پیرزادہ نے محکمہ وائلڈ لائف کو پاکستان کا غدار اور مو دی کا یار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پچھلے 5 سالوں سے میں سانپ اور اژدھوں کے ساتھ ویڈیو بناتی آرہی ہوں تب تو کسی نے ایکشن نہیں لیا لیکن جیسے ہی میں نے مودی کو للکارا پاکستان میں موجود مودی کے یار فوراً میدان میں آگئےاور میرے خلاف چالان درج کردیا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here