کراچی:
کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ تاحال گیس پھیلنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
کراچی پورٹ سے ملحقہ علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے اور 135 سے زائد افراد متاثر ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین ، ایک بچہ اور 3 مرد شامل ہیں جبکہ تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاک شدگان کی شناخت معمار بی بی، یاسمین ، رضوان ، عظیم اختر، احسن اور رابش کے نام سے ہوئی۔
ڈاکٹرز کے مطابق سگریٹ پینے والے اور سانس کے مرض کا شکار مرد اس واقعے میں زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
12 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باوجود اس پراسرار گیس کا پتہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ پاک بحریہ کے ماہرین نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیوی کی ٹیم نے اسپتالوں میں متاثرہ افراد کا معائنہ کیا اور خون کے نمونے لئے جبکہ کیماڑی کے علاقے سے پانی کے نمونے بھی حاصل کئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر کسی کنٹینر سے گیس کا اخراج ہوا ہے۔ دوسری طرف کراچی پورٹ ٹرسٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ کے اندر کسی جہاز یا کارگو سے کیمیکل یا گیس خارج نہیں ہوئی۔
ادھر محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کیماڑی مسان چوک اور متصل علاقے میں زہریلی گیس پھیل گئی تھی۔