چمن:
بلوچستان کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد کو کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے باعث ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا۔
پاک افغان بارڈر بند کرنے کے باعث نیٹو سپلائی اور افغان ٹرانزٹ سمیت تمام نقل و حمل اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر چمن بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا وائرس کے باعث پاک ایران سرحد بھی تفتان کے مقام پر 9روز سے بند ہے۔ ایران سے واپس آنے والے پاکستانی زائرین کو پاکستان ہاؤس میں قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی سی چاغی کے مطابق تمام زائرین کی اسکریننگ مکمل کرلی گئی ہے اور کسی میں بھی کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 4 کیسز سامنے آچکے ہیں۔