امجد نواز بھی تحریک انصاف نیویارک کی صدارت کیلئے میدان میں آگئے

0
135

 

تحریک انصاف نیویارک کی صدارت کےلئے دو امیدواران ضمیر خان اور ایاز خان پہلے ہی میدان میں ہیں اور اب مجد نواز کا اضافہ ہو گیا ہے
تینوں میں سے 18مارچ کوپارٹی الیکشن میں جو زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا، وہی تحریک انصاف نیویارک کا آئندہ منتخب صدر ہوگا

نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف نیویارک کی صدارت کے لئے پارٹی رہنما امجد نواز بھی میدان میں آگئے ہیں۔ انٹر پارٹی الیکشن کی ممبر شپ کے سلسلے میں رکنیت سازی کی معیاد ختم ہونے کے بعد امجد نواز نے لانگ آئی لینڈ (نیویارک) میںواقع اپنی رہائشگاہ پر پارٹی ساتھیوں سے مشاورت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ اور ان کے ساتھی ”انصاف پینل “ کے نام سے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لیں گے اور امجد نواز تحریک انصاف نیویارک کی صدارت کے امیدوار ہوں گے۔ ساتھیوں سے مشورے اور فیصلے کے بعد امجد نواز کی جانب سے ان کی فیس بک پوسٹ میں باقاعدہ طور پر انٹرا پارٹی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا گیا۔ انصاف پینل کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ وہ چارسو ساتھیوں کی تحریک انصاف نیویارک کی رکنیت کروانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔امجد نواز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں الیکشن کے حوالے سے اپنا نکتہ نظراور ترجیحات بیان کی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ میں تحریک انصاف کی رکنیت فیس ساٹھ ڈالرز سالانہ مقرر کی گئی ہے۔ ممبر شپ فیس ادا کرنےوالا رکن ہی پارٹی الیکشن میں بطورامیدوار حصہ لے سکے گا اور اپنا ووٹ ڈال سکے گا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نیویارک کی صدارت کے لئے دو امیدواران ضمیر خان اور ایاز خان پہلے ہی میدان میں ہیں اور اب ان امیدواروں میں امجد نواز کی شکل میں ایک اور امیدوار کا اضافہ ہو گیا ہے۔ ان تینوں میں سے 18مارچ کو ہونیوالے پارٹی الیکشن میں جو زیادہ ارکان کے ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، وہی تحریک انصاف نیویارک کا آئندہ منتخب صدر ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف اوورسیز کے زیر اہتمام امریکہ کی اہم ریاستوں میں انٹرا پارٹی الیکشن ہو رہے ہیں جس کے انعقاد میں تحریک انصاف اوورسیز کے سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here