کراچی:
ایدھی فاؤنڈیشن نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ایران کو تین کروڑ روپے کا امدادی چیک دے دیا۔
اس ضمن میں ایرانی قونصلیٹ میں سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے فیصل ایدھی نے ایرانی ریڈ کریسنٹ کے ذریعے ایران کے قونصل جنرل کو تین کروڑ 15 لاکھ ( دو لاکھ امریکی ڈالر) کا امدادی چیک دیا جس کی رقم کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے خرچ کی جائے گی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے کہا گیا کہ وہ دہائیوں سے بلا امتیاز رنگ و نسل ، مذہب کے انسانیت کی خدمت کررہے ہیں اور اس وقت پوری دنیا میں کورونا خوف و دہشت کی علامت بنا ہوا ہے، دنیا کے بیشتر ممالک اس سے متاثر ہیں ، ہزاروں افراد اس وبا کا شکار ہوکر جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں ، کورونا وائرس جیسی وبا پر قابو پانے کے لیے ایرانی ریڈ کریسنٹ کے ذریعے ایران کو امداد فراہم کی گئی ہے۔