سندھ میں سرکاری دفاتر، ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ

0
119

کراچی:

حکومت سندھ نے 15 دن کے لیے تمام ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی سندھ کے زیر صدارت کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور اس حوالے سے  اقدامات پر اجلاس ہوا، جس  میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر، ریسٹورنٹ، شاپنگ مال، تفریحی مقامات اور انٹر سٹی بس سروس 15 دن کیلیے بند کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال 15 دن کیلیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس بندش کے دوران تمام کریانہ اسٹور، میڈیکل اسٹورز، سبزی، مرغی، مچھلی اور دیگر گوشت مارکیٹس کھلی رہیں گی، اور اگر شاپنگ مالز میں کریانہ کی دکانیں ہیں تو وہ کھلی رہ سکتی ہیں، بڑے ہوٹلز میں ریسٹورنٹس سروس بند ہوگی، وہیں پر کھانے کا انتطام اور مجمع پر پابندی ہوگی، تاہم ریسٹورینٹس پر آرڈر سے کھانے کی چیزیں منگوائی جاسکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اس کے پھیلائو کو روکنا ہے، اگر یہ وائرس پھیل گیا تو اسپتال کم پڑ جائیں گے، شہریوں کو گھروں میں محدود رکھنا چاہتے ہیں، اس لئے عوامی پارکس اور سی ویو بھی کل سے بند رہیں گے اور سرکاری دفاتر بھی جمعرات سے بند کردیئے جائیں گے جس کا نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری جاری کریں گے، تمام احکامات پر اطلاق کل سے ہوجائےگا۔

دریں اثنا کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کورونا وائرس ایمرجنسی کے پیش نظر بازار اور ریستوران بند رہنے کا نوٹی فیکشن جاری کردیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کر اچی میں منگل سے ریسٹورنٹس، ہوٹلوں میں قائم ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، کپڑے، آٹو کا سامان اور دیگر اشیا کی فروخت کے مراکز، فرنیچر مارکیٹس، سوشل کلبس، تفریحی مراکز، ساحل سمندر، سوئمنگ پولز، چائے خانے اور الیکٹرانک مارکیٹس پندرہ روز کے لیے بند رہیں گے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس میں بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی لوگ گھر کھانا لے جاسکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سپر مارکیٹس، کریانہ کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، بیکریز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، گوشت ، سبزی اور فروٹس کی دکانوں سمیت کھانے پینے کی اشیا کی فروخت کی اجازت ہوگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here