قومی ہیرو ایم ایم عالم کو بچھڑے 7 برس بیت گئے

0
97

کراچی:

سن 65ء کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کو ہم سے بچھڑے 7 برس بیت گئے۔

عدد برتری رکھنے والے دشمن ملک بھارت کی ہوائی فوج سے ایئر کموڈور محمد محمود عالم المعروف ایم ایم عالم کا ٹاکرا ستمبر 1965ء کی جنگ میں ہزاروں فٹ کی بلندی پر ہوا۔ ان ہوائی معرکوں کے دوران کچھ ایسے واقعات جنگی تاریخ کا حصہ بن گئے جن کی دنیا بھر کے جنگی ہوا بازی کے مقابلوں میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔

 

ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن ملک بھارت کے 5 لڑاکا جہازوں کو پے در پے زمین بوس کردینے والے ایم ایم عالم کا جنگی ہوا بازی کا کارنامہ آج بھی سننے والوں کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتا ہے، ان فضائی معرکوں میں ایم ایم عالم نے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

ایم ایم عالم نے ایک ہی وقت میں جن 5 بھارتی ہنٹر طیاروں کو خاک چٹائی وہ ایم ایم عالم کے اپنے سیبر 86 ساختہ جنگی جہاز سے کئی گنا زیادہ جنگی صلاحیتوں کے حامل تھے، ان ہی غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں پر ایم ایم عالم کو فالکن  اور لٹل ڈریگن جیسے القابات سے نوازا گیا۔

ایم ایم عالم نے سن 65ء کی جنگ میں مختلف محاذوں پر کل 11 بھارتی طیاروں کو تباہی سے دوچار کیا جن میں 9 جنگی جہازوں کو مکمل طور پر تباہ جبکہ 2 کو جزوی نقصان پہنچایا تھا، 11 بھارتی ترنگے ان کے جہاز کی باڈی پر نمایاں دکھائی دیتے تھے، انھیں وطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرات سے نوازا گیا۔

قومی ہیرو ایم ایم عالم 18 مارچ سن 2013ء کو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے اور ماڑی پور پر پی اے ایف بیس مسرور کے شہداء قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here