مصباح کا ’’ڈبل رول‘‘یوسف نے پھرسوال اٹھا دیا

0
172

لاہور:

محمد یوسف نے ایک بار پھر مصباح الحق کے ’’ڈبل رول‘‘ پر سوال اٹھا دیا، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ ایک ہی شخص کو دو بھاری ذمہ داریاں سونپ دینا سمجھ سے باہر ہے، کوئی پلان نظر نہیں آتا،محمد حفیظ اور شعیب ملک کا آسٹریلیا میں ریکارڈ اچھا نہیں،دونوں کو قومی ٹیم میں واپس کیوں بلایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں، کئی سابق کرکٹرز اس کو مفادات کا ٹکراؤ قرار دیتے ہوئے ون مین شو کو پاکستان کرکٹ کیلیے نقصان دہ قرار دیتے رہے، ان میں محمد یوسف بھی شامل ہیں، سابق کپتان نے ایک انٹرویو میں اپنا موقف دہراتے ہوئے کہاکہ میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک ہی شخص کو اتنی بڑی ذمہ داریاں ایک ساتھ کیوں دے دی گئی ہیں، جس طرح وہ کام کررہے ہیں اس میں کوئی پلان نظر نہیں آتا۔ محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ نے پیچھے کی جانب سفر شروع کردیا ہے۔

سلیکٹرز نے محمد حفیظ اور شعیب ملک کو قومی ٹیم میں واپس کیوں بلایا؟ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ رواں سال آسٹریلیا میں کھیلنا ہے جہاں دونوں سینئرز کی کارکردگی کبھی اچھی نہیں رہی، اس طرح کے فیصلے پاکستان کرکٹ کیلیے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔ یاد رہے کہ محمد یوسف قبل ازیں اپنے ایک بیان میں ہیڈ کوچ کے عہدے کیلیے وقار یونس کو موزوں قرار دیتے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سابق پیسر کم از کم انٹرنیشنل سطح پر ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ تو رکھتے ہیں،ان کی رہنمائی میں پاکستان ٹیم درست سمت میں گامزن ہوسکتی تھی،مصباح الحق ناتجربہ کاری کی وجہ سے کرکٹرز کو کوئی ٹھوس پلان نہیں دے پا رہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here