بھارتی بکی نے افغان پریمیئر لیگ کو داغدار بنا دیا

0
97

ممبئی:

بھارتی بکی نے افغانستان پریمیئرلیگ کو بھی داغدار بنا دیا۔

گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کو اپنی چالاکیوں سے بے بس کرنے والے فکسنگ مافیا کے سرغنہ راوندر ڈانڈیوال کے حوالے سے انکشاف ہوا تھا، اب اس کے بارے میں مزید تفصیل سامنے آئی ہے۔

آسٹریلوی اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے اپنی رپورٹ میں وکٹوریہ پولیس دستاویزات کی بنیاد پر رپورٹ دی کہ وہ ایک عالمی ٹینس میچ فکسنگ اور سٹہ بازی کا ماسٹر مائنڈ ہے،ڈانڈیوال کے آسٹریلیا میں مقیم رشتہ دار ہارسمارات سنگھ اور راجیش کمار کے خلاف وکٹوریہ پولیس نے ٹینس میچزپر جوا کھیلنے کے چارجز عائد کیے جنھیں پہلے ہی وہ فکسڈ کرچکا تھا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ ڈانڈیوال بھارت میں بھی مشکوک ایونٹس کے انعقاد میں ملوث رہا۔

 

دلچسپ بات یہ ہے کہ اتوار تک اپنی سوشل میڈیا پروفائل پر اس نے خود کو ’کرکٹ کونسل آف انڈیا‘ کا جنرل سیکریٹری، ’کرکٹ پریمیئر لیگ کا چیئرمین اور ایک اسپورٹس مینجمنٹ کمپنی کا منیجنگ ڈائریکٹر لکھا ہوا تھا، البتہ اب پروفائل میں تبدیلی کرتے ہوئے خود کو کرکٹ کونسل آف انڈیا کا سابق مالک قرار دیا ہے، وزیٹنگ کارڈ پر بی سی سی آئی سے ملتا جلتا لوگو بھی موجود ہے، جس میں اصل کی بانسبت رنگوں کا معمولی فرق ہے۔

ڈانڈیوال کے بارے میں اینٹی کرپشن یونٹ کے چیف اجیت سنگھ نے مزید انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ بی سی سی آئی سے ملتے جلتے لوگو استعمال کرنے کا مقصد صرف لوگوں کو بے وقوف بنانا ہے، وہ کئی معاملات میں اینٹی کرپشن یونٹ کی نظر میں آیا، ڈانڈیوال2 برس قبل افغانستان پریمیئر لیگ سے منسلک رہا، نیپال میں بھی ایک لیگ میں وہ شامل تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں یہ بھی معلومات موصول ہوئیں کہ وہ بنکاک میں بھی ایک لیگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس کے خلاف موہالی پولیس میں ایک شکایت بھی درج ہے تاہم ابھی تک وہ قانون کی پکڑ سے باہرہے، اجیت سنگھ نے ایک بار پھراسپورٹس میں کرپشن کے حوالے سے مناسب قوانین کی عدم موجودگی پر اظہار افسوس کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here