لاہور:
پاکستان کے دورے پر آئے آئرلینڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ حکام نے پی سی بی کے عہدیداروں سے ملاقات میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں تعاون کا یقین دلادیا۔
کرکٹ آئرلینڈ کے چیئرمین راس میکولم، چیف ایگزیکٹو وارن ڈیوٹرم اور انگلینڈ اینڈویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھا۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی مہمانوں کو سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ آفیشلز نے سیکیورٹی انتطامات کو تسلی بخش قرار دیا، گرین شرٹس کا جولائی میں دورہ آئرلینڈ پہلے سے ہی شیڈول ہے۔ بورڈ حکام سے ہونے والی اس ملاقات میں آئرش حکام نے اگلے برس پاکستان میں ٹیم بجھوانے کا عندیہ دیتے ہوئے اس بات پراتفاق کیا کہ اس سلسلے میں فیوچر ٹورز پروگرام میں سے کوئی ونڈو تلاش کرنا ہوگی۔ اس معاملے پر مزید بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے بحالی کے لیے کی جانے والی کوششیں زبردست ہیں۔ اسی طرح اعتماد بڑھتا رہا تو پاکستان میں ایک بارپھر پہلے کی طرح ٹیمیں آکر ضرور کھیلیں گی۔