کراچی:
گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں دی جانے والی اذان نے نہ صرف پاکستان اور دنیا بھر میں موجود مداحوں پر رقت طاری کی بلکہ ان کے غیر مسلم پرستاروں پر بھی سحر طاری کردیا۔
کورونا وائرس سے نجات پانے کے لیے گزشتہ کئی دنوں سے پاکستان میں مقررہ اوقات کے علاوہ بھی اذانیں دینے کا سلسلہ جاری ہے اور خدا سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کی جارہی ہے۔ گلوکار عاطف اسلم نے بھی دو روز قبل سوشل میڈیا پر اذان کی ویڈیو شیئر کی۔ عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں دی جانے والی اذان نے سننے والوں پر رقت طاری کردی اور لوگوں نے انہیں بے حد سراہا۔
تاہم عاطف اسلم کو سراہنے والوں میں صرف ان کے مسلمان مداح ہی شامل نہیں تھے بلکہ سرحد پار سے غیر مسلم مداحوں نے بھی عاطف اسلم کی آواز میں دی جانے والی اذان کو سنا اور اس کی بے حد تعریف کی۔ یوٹیوب پر عاطف اسلم نے اذان کی ویڈیو کے ساتھ پیغام لکھا ’’اللہ سب سے بڑا ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدﷺ اللہ کے پیغمبر ہیں۔‘‘ یوٹیوب پر عاطف اسلم کی آواز میں اذان کو اب تک دنیا بھر سے لاکھوں لوگ سن چکے ہیں اور ہزاروں نے اس پر تبصرے کیے۔
انکیت پراجاپتی نامی ایک غیر مسلم مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا میں ہندو ہوں لیکن مجھے اسلام بہت پسند ہے اور میں اس مذہب میں داخل ہونا چاہتا ہوں۔ انکیت کے اس تبصرے کو لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے سراہا اور انہیں کھلے دماغ سے ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھنے کے مشورے دئیے۔
پرتیک ولاگز نامی مداح نے لکھا میرا تعلق بھارت سے ہے اور میں مسلم نہیں ہوں لیکن جس طرح عاطف اسلم نے اذان دی مجھے بہت اچھا لگا اگرچہ مجھے اذان کے الفاظ سمجھ نہیں آئے لیکن واقعتاً اس روحانی آواز نے دل کو چھو لیا۔ پرتیک نے مزید لکھا کہ میں ہندو ہوں میرے گھر سے کچھ فاصلے پر مسجد ہے اور میں نے کئی بار اذان کی آواز سنی ہے لیکن اتنی روحانی آواز کبھی نہیں سنی۔
ارجیت کا فین نامی صارف نے لکھا عاطف کی زندگی کا کام ایک طرف اور یہ اذان ایک طرف، ماشااللہ۔
شینا نامی خاتون نے لکھا میں ہندو ہوں اور میرا تعلق بھارت سے ہے مجھے اذان کے الفاظوں کا مطلب سمجھ نہیں آیا لیکن اذان سنتے ہوئے میرے رونگھٹے کھڑے ہوگئے۔ سر آپ کی روحانی آواز جذبات سے بھرپور تھی جس نے میرے دل کو چھو لیا۔ میری دعا ہے کہ آپ کی دعائیں سنی جائیں خدا آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔
تنوجا پروین نامی صارف نے لکھا میرے پاس ایک ہی خوبصورت لفظ ہے اس کے لئے ’’ماشا اللہ‘‘۔
ناز بٹ نامی خاتون نے عاطف اسلم کو سراہتے ہوئے کہا یہ آواز بنی ہی اذان دینے کے لیے ہے، ماشااللہ۔
دپیکا صندل نامی صارف نے لکھا میرا تعلق بھارت سے ہے اور مجھے اردو سمجھ نہیں آتی لیکن میں کہنا چاہتی ہوں جب کوئی گہرے دل سے خدا سے دعا کرتا ہے تو ایک سحر طاری ہوجاتا ہے۔
بنگلا دیش سے ایک صارف نے لکھا عاطف اسلم دنیا بھر میں سب سے زیادہ باصلاحیت مسلم گلوکار ہیں۔ جب کہ صفوان چوہدری نے لکھا شاید خدا نے آپ کو اسی لیے اتنی قیمتی آوازدی ہے، ماشا اللہ۔