بروکلین میں کار حادثہ جواں سال پاکستانی محمد بابر جاں بحق

0
584

نیویارک (پاکستان نیوز) نیویارک کے علاقے بروکلین میں اتواراور سوموار کی رات ٹھیک 12بج کر تین منٹ پر ایک کارحادثے میں جواں سال پاکستانی امریکن ہیر ڈریسر (باربر)محمد بابر ہلاک ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا کہ جب 29سالہ محمدبابر اپنے عزیز کے ساتھ سٹیٹن آئی لینڈ سے واپس آرہا تھا، پہلے اس نے اپنے عزیز کو ایونیو ایم، پر اتار ا اور پھر اپنی سیاہ رنگ کی منی وین گاڑی میں ایونیو ”زی“ پر موجودہ بلڈنگ میں واقع اپنے گھر واپس جا رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ محمد بابر ایونیو” زی“ سے اوشن ایونیو کی طرف جا رہا تھا ، اس کی لائٹ سرخ تھی اور سرخ رنگ پر رکنے کی بجائے ، اس نے اوشن پارک وے کو کراس کرنے کی کوشش کی لیکن اس دوران اوشن پارک وے پر ایونیو زی کو کراس کرتے ہوئے گاڑی سے ان کی منی وین ٹکرا گئی جس کی وجہ سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں محمد بابراور دوسری گاڑی میں موجود ڈرائیور دونوں شدید زخمی ہو گئے۔محمد بابر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ متوفی محمد بابر کی عمر29سال تھی ، شادی شدہ تھا اور دو کم سن بیٹوں جن کی عمر تین اور ڈیڑھ سال بتائی جاتی ہے، کا باپ تھا۔ اس کا تعلق میر پور(آزاد کشمیر) سے تھا اور دس سال پہلے امریکہ آیا تھا۔ محمد بابر مرحوم کے ساتھ ایس اینڈ ایس باربر شاپ پر کام کرنے والے شکور احمد نے بتایا کہ امریکہ میں بابر میرا پہلا دوست تھا۔ ہم اکٹھے دس سال سے کام کررہے تھے۔ پندرہ مارچ کو ”کروناوائرس“ وبا کی وجہ سے ہماری بابر شا پ بند ہو گئی اور ہم کام چھوڑ کر گھر پر بیٹھے گئے۔ بابر بھی اپنے گھر بچوں کے ساتھ موجود تھا۔ شکور احمد نے بتایا کہ میری ایک دن پہلے بابر سے بات ہوئی اور ہم کام کے حوالے سے بات کرتے رہے۔ شکور احمد کا مزید کہنا تھا کہ بابر دوستوں کا دوست تھا۔ اس کی جواں سال موت سے ہم سب صدمے کی کیفیت سے دوچار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ متوفی محمد بابر کا جس گاڑی سے ایکسیڈنٹ ہوا، اس کا ڈرائیور بھی شدید زخمی ہے اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہے۔ پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی نے محمد بابر کی جواں سال موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ کمیونٹی ارکان نے حادثے میں زخمی ہونے والے دوسری کار کے ڈرائیور کی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here