کراچی:
نامورپاکستانی اداکارہ سجل علی کی بہن اور اداکارہ صبور علی نے خودکشی کی خبروں پر خاموشی توڑدی۔
اداکارہ صبور علی کے حال ہی میں اسپتال میں داخل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پرافواہیں گردش کرنے لگیں کہ صبور علی نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں بروقت بچالیا گیا۔ صبور علی کی خودکشی کرنے کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اوران کے مداح تشویش میں مبتلاہوگئے، تاہم صبور علی نے ان کے بارے میں گردش کرنے والی تمام افواہوں کی تردید کردی ہے۔
صبور علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے خودکشی سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میری خودکشی کرنے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔ مجھےفوڈ پوائزننگ کے باعث اسپتال میں داخل کیاگیاتھا لیکن اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔
صبور علی نے خودکشی سے متعلق افواہیں پھیلانے والوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مہربانی کرکے غلط معلومات پر مبنی خبریں پھیلانا بندکریں، کیونکہ اس طرح کی خبریں لوگوں کی زندگیوں پر بہت گہرا اثر ڈالتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ذہنی بیماری اور موت ایسے موضوعات نہیں ہیں جن پر مذاق کیاجائے، اس طرح کی پوسٹ شیئر کرنے سے قبل ایک بار اس شخص کے بارے میں بھی سوچیں جن کے بارے میں آپ غلط افواہ پھیلارہے ہیں، اس کے علاوہ صبور علی نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں نیک تمناؤں کے پیغامات بھیجے۔
واضح رہے کہ صبور علی کا شمار پاکستان کی نامور اداکاراؤں میں ہوتاہے وہ ’’عشق میں کافر‘‘،’’تیری میری کہانی‘‘،اور’’میرے خدایا‘‘جیسے ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔