نئی دہلی:
بھارت میں مودی سرکار کورونا وبا سے قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے جس کے باعث ایک دن میں ریکارڈ ہلاکتیں ہورہی ہیں اور لاشوں کو دفنانے کے لیے غیر انسانی طریقے اپنائے جا رہے ہیں جب کہ شادی کے محض دو دن کے بعد دلہا کورونا وائرس سے ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے ضلع بیلاری میں کووڈ-19 سے ہلاک ہونے والے 8 افراد کی لاشوں کی بے حرمتی کی گئی اور لاشوں کو ایک گڑھے میں پھینک دیا۔ لاشوں کو ٹھکانے لگانے کے غیر اخلاقی طریقے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ریاست کی انتظامیہ نے لواحقین سے معافی مانگی اور تحقیقات کا حکم دیا۔
نائب کمشنر وار ضلع مجسٹریٹ ایس ایس نکول نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو دفنانے کے ضابطے کی پوری پابندی کی گئی تاہم اس دوران ضلعی انتظامیہ کا میتوں کے ساتھ سلوک افسوسناک نے جس پر فیلڈ ٹیم کو معطل کر دیا گیا ہے اور ایک نئی ٹیم کو تربیت دی جائے گی۔
دوسری جانب ریاست بہار کے علاقے میں شادی کے محض دو دن بعد دلہا کورونا وائرس سے ہلاک ہوگیا۔ شادی کی تقریب میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی تھی جن کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے تو 111 افراد کووڈ مثبت نکلے۔ بھارت میں شادی کی تقریب میں صرف 50 افراد کو شرکت کی اجازت ہے تاہم انتظامیہ عمل درآمد کرانے میں ناکام ہے۔
ادھر حیدر آباد شہر کے سرکاری اسپتال میں زیر علاج 34 سالہ نوجوان کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہا ہے کہ ’’ میرا سانس اکھڑ رہا ہے، اسپتال والے آکسیجن نہیں لگا رہے ہیں میں تین گھنٹے سے کہہ رہا ہوں لیکن کوئی سن نہیں رہا، میرا دل بند ہو رہا ہے۔ بائے بائے ڈیڈ
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 400 ہوگئی ہے۔