نئی دہلی:
بھارت میں گھروں کی چھتوں پر گھات لگائے مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی دیویندرا سمیت 8 اہلکار مارے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے علاقے کان پور میں ایک مشتبہ قاتل کو گرفتار کرنے کے لیے مقامی گاؤں جانے والی پولیس پارٹی پر گھات لگا کر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس دیویندرا مشرا سمیت تین سب انسپکٹر اور چار کانسٹیبل ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو اداروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ مسلح حملہ آور گھروں کی چھتوں پر گھات لگائے بیٹھے تھے ، پولیس پارٹی جیسے ہی گاؤں میں داخل ہوئی چاروں اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور زخمی بھی ہوئے جنہیں ملزمان اپنے ساتھ لے گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
شیئرٹویٹشیئر