رتو ڈیرو:
لاڑکانہ میں 9 روز کے دوران ایڈز کے شکار افراد کی تعداد 157 تک پہنچ گئی ہے۔
رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کیسز کے حوالے سے سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے رپورٹ وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہے، رتو ڈیرو کے نواحی دیہاتوں میں ایڈز کی اسکرینگ کا عمل جاری ہے، ذرائع کے مطابق 9 روز کے دوران 4102 افراد کی اسکریننگ کی گئی جن میں سے127 بچوں اور 30 بڑے افراد میں ایڈز کی تصدیق ہوئی ہے۔
سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے 29 نئے کیس رجسٹرڈ کرلئے ہیں، ایڈز کے نئے رجسٹرڈ مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے 3 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، یہ خصوصی کمیٹی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کی معاونت کرے گی جب کہ کمیٹی میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، ایس آئی یو ٹی کے ماہرین بھی شامل ہیں۔
خصوصی کمیٹی لاڑکانہ، رتو ڈیرو کے دیہاتوں کا دورہ کرے گی اور واقعے کے مرکزی کردار ڈاکٹر مظفر گھانگرو سے پوچھ گچھ بھی کرے گی جس کے بعد کمیٹی محکمہ صحت سندھ کو رپورٹ پیش کرے گی۔