سری نگر:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں دو نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں تیزی آگئی ہے، سری نگر کے علاقے رنبیر گڑھ میں گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور دو نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔
جارحیت پسند قابض بھارتی فوج نے شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر اہل علاقہ اور شہداء کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں پوسٹرز اور بینرز بھی اُٹھا رکھے تھے۔
بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت کو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جسے شہداء کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے نوجوانوں کی گرفتاری کے شواہد پیش کرکے ناکام بنادیا۔ رواں ماہ 10 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، زخمی اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔