نیویارک (پاکستان نیوز)کراس فائرنگ میں زخمی ہونے والا نوجوان پاکستانی امریکن پولیس آفیسر فیاض عدید ہسپتال میں دم توڑ گیا، مرحوم نے بیوہ ، دو بچوں کو سوگوار چھوڑا ہے ، جوان موت پر کمیونٹی صدمے سے دوچار ہے ، فضا سوگوار ہے، دوسری طرف پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو اپ اسٹیٹ ویسٹ چیسٹر کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے ، ذرائع کے مطابق ملزم کو مسلسل اڑتالیس گھنٹوں کی تلاش کے بعد گرفتار کیا گیا ،بروک ڈیل ہسپتال بروکلین کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کردی گئی۔ آفیسر فیاض عدید تین روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے منگل کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے، پانچ سالوں سے نیویارک پولیس میں خدمات انجام دینے والے پولیس آفیسر فیاض عدید کے پسماندگان میں والدین کے علاوہ بیوہ اور دو بچے شامل ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ کی تفصیل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستانی امریکن پولیس آفیسر فیاض عدید اپنے آف ڈیوٹی اوقات کے دوران گاڑی خریدنے کے بروکلین ، نیویارک گئے جہاں پر ملزم نے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی اور اس واردات میں ملزم نے پولیس افسر پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔فیاض بروککلین کے ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہیں ہو سکے، مرحوم آفیسر فیاض عدید پانچ سالوں سے پولیس ڈیپارٹمنٹ میںخدمات انجام دے رہے تھے۔