نئی دہلی: بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر اسپتال میں داخل کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ کا چند علامتیں ظاہر ہونے پر کووڈ-19 کا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے تاہم ان کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ کورونا وائرس کی چند علامتیں ظاہر ہونے پر ازخود کورونا ٹیسٹ کرایا جوکہ مثبت آیا۔ معالجین کی تجویز پر اسپتال میں داخل ہوگیا ہوں۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ میری طبیعت کافی بہتر ہے، مجھ سے گزشتہ چند روز کے دوران ملنے والے بھی خود کو آئیسولیٹ کرلیں اور اپنا ٹیسٹ ضرور کرائیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر بھی ہیں اور زیادہ تر وہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہی ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ 17 لاکھ سے زائد کورونا وائرس کے مریض ہونے کی وجہ سے بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔