کراچی:
ڈراما سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں ترگت الپ کا کردار ادا کرنے والے جنگیز جاشکن نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ترکی کا مقبول ڈراما ’دیریلش ارطغرل‘ اردو میں ڈب کرکے پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کرنے کی ہدایت کی تھی۔ جس کے بعد اس ڈرامے نے پاکستان میں اتنی مقبولیت حاصل کی کہ پاکستان میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ڈراما بن گیا۔
ڈرامے کے ساتھ ساتھ ترک اداکاروں نے بھی پاکستان میں بے تحاشہ مقبولیت حاصل کرلی ہے اور پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کرلیا ہے۔ ڈرامے کے مرکزی اداکار اینگن التان دزیاتن، اسرا بلجک اور جنگیز جاشکن تو پاکستانیوں کے پسندیدہ اداکار بن چکے ہیں۔
حال ہی میں وسیم بادامی نے جنگیز جاشکن کا انٹرویو کیا اور انہوں نے جنگیز کو بتاتے ہوئے کہا کہ ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ سے متعلق پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بذات خود ٹوئٹ کرکے لوگوں کو یہ ڈراما دیکھنے کی ہدایت کی تھی۔ تو کیا آپ وزیراعظم کو کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟
وسیم بادامی کی اس بات پر جنگیز نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے لوگوں کو ’ارطغرل غازی‘ دیکھنے کی تجویز دی۔ جنگیز نے مزید کہا کہ انہیں یقین تھا کہ ’ارطغرل غازی‘ پاکستان میں کامیابی حاصل کرے گا کیونکہ پاکستان اور ترکی کی دوستی اوربھائی چارے کی تاریخ بہت پرانی ہے۔