اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کررہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس 5 اگست کےغیر قانونی اقدامات کےبعد سےاہلِ کشمیر کو بھارت کےہاتھوں ظالمانہ اور سفاک فوجی محاصرےکاسامنا ہےجبکہ مقبوضہ وادی میں آبادی کےتناسب میں تبدیلی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہندوستان نےمقبوضہ جموں و کشمیر پرغیر قانونی قبضے کے ذریعے جن کشمیریوں کی آواز کچلنے کی کوشش کی میں بطورِ سفیر ان سب کی آواز بنا رہوں گا۔ برسوں بعد میری حکومت نے کشمیر کا مقدمہ نہایت مؤثر طور پر اقوام متحدہ میں اٹھایا اور مودی سرکار کی نسل پرست فسطائیت (ہندوتوا) کو بے نقاب کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے اہلِ کشمیر کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے حوالے سے اپنے عزائم و مؤقف کو کل جاری ہونے والے پاکستان کے سیاسی نقشے میں بھی اجاگر اور نمایاں کر دیا ہے، یومِ استحصال کےموقع پراہلِ کشمیرسےاظہارِ یکجہتی کیلئےمیں آج آزاد جموں وکشمیر کی اسمبلی سےمخاطب ہوں گا۔