لاہور:
شان مسعود خوش قسمتی سے ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں جب کہ اوپنر نے بابر اعظم کے ساتھ بڑی شراکت کا عزم ظاہر کردیا۔
اولڈ ٹریفورڈ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد شان مسعود نے کہاکہ بار بار کھیل رکنے سے ہر بیٹسمین کو مشکلات ہوتی ہیں،اسی لیے سیٹ ہونے میں دقت ہوئی،ہم سلو نہیں کھیلے، کنڈیشنز کی وجہ سے احتیاط کرنا پڑی، اب بھی3 کی اوسط سے رنز بنا رہے ہیں،ہمارا ہدف بڑا ٹوٹل حاصل کرنا ہے۔
ایک سوال پر شان مسعود نے کہا کہ کھیل میں کبھی خوش قسمتی ساتھ دے جاتی ہے، میرے ساتھ بھی یہی معاملہ ہوا، کوشش کروں گا کہ لمبی شراکت قائم کروں۔
انھوں نے کہا کہ بابر اعظم تینوں فارمیٹ کے بہترین بیٹسمین اور کوالٹی پلیئر ہیں،وہ حریف کو دباؤ میں لانے میں کامیاب ہوتے ہیں، انھوں نے مشکل کنڈیشنز میں اچھے اسٹروکس کھیلے، ان کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔
اوپنر نے کہا کہ ہم اچھا مجموعہ تشکیل دینے کی صورت میں میزبان ٹیم کو بیک فٹ پر لاسکتے ہیں، پانچویں روز اسپنرز کا فائدہ اٹھانے کیلیے پہلے اچھی برتری حاصل کرنا ضروری ہے۔