اسلام آباد:
فیس بک، یو ٹیوب اور ٹویٹر نے پولیو ویکسین مخالف مواد ہٹا کر وارننگ جاری کر دی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر موجود موادکے لنکس کی نشاندہی کر رہی ہے جس پر جعلی پروپیگنڈا اپ لوڈ ہے۔ اب تک فیس بک کے 130، ٹویٹر کے 14اور یوٹیوب کے30لنکس کا خاتمہ کیا جاچکا ہے۔
بابر بن عطا نے کہاکہ فیس بک اعلیٰ انتظامیہ سے ہونے والی ویڈیو کانفرنس میں فیس بک انتظامیہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں جاری پولیو کے خلاف جنگ میں وہ بھرپور کردار ادا کریں گے۔ فیس بک نے قواعد و ضوابط کے مطابق مواد ہٹانا شروع کیا ہے۔حکومت فیس بک انتظامیہ کے اس تعاون کو سراہتی ہے، بچوں کے محفوظ مستقبل کیلیے ویکسین کے خلاف مواد ہٹانا قابل تحسین اقدام ہے۔
واضح رہے کہ پولیو مخالف مواد کی وجہ سے ویکسین کے بارے میں جعلی پروپیگنڈا پھیلا کر والدین کو گمراہ کیا جاتا ہے۔