کراچی:
وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن معیشت پر مگرمچھ کے آنسو بہارہی ہے۔
جامعہ کراچی ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) میں سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
بعدازاں ڈاکٹرعطاء الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ماہرین کے ذریعے سے ایک ایسی موبائل اپلیکیشن تیار کررہے ہیں جس سے عوام براہ راست چاند دیکھ سکیں گے جبکہ 15رمضان تک قمری کلینڈر تیار کرلیاجائے گاجس کا اطلاق عید کے چاند پربھی ہوگا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی شکل میں صرف ایک ہی لیڈرہے اب کوئی ناراض ہویاصلح کرے، اپوزیشن کووقت گزارناسیکھناچاہیے ہم پانچ سال پورے کریں گے، اپوزیشن اس وقت روٹھی ہوئی ساس کاکرداراداکررہی ہے، اسے سمجھناچاہیے کہ پارلیمنٹ چلے گی توحکومت اورپوزیشن دونوں کافائدہ ہے، وہ پاکستان کے آئین اورعمران خان کووزیراعظم تسلیم کرے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف اورزرداری اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں، نوازشریف کو”ولن“کی داستانوں میں ڈھونڈناچاہیے، نوازشریف اورآصف زرداری کے بچے ابھی سیاسی میراث پرلڑرہے ہیں کچھ عرصے بعد اپنی وراثت پر لڑیں گے، اپوزیشن معیشت پر”مگرمچھ کے آنسو“بہارہی ہے اسحاق ڈار،خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل اوربلاول بھٹوزرداری معیشت پربات کرتے اچھے نہیں لگتے انھی لوگوں نے معیشت کوڈبویاہے۔
ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ مجھ پر کسی پڑھے لکھے عالم دین نے تنقید نہیں کی عالم دین کے لیے پڑھالکھاہوناضروری ہے، جن کی نوکری خطرے میں پڑ گئی وہ تنقید کررہے ہیں۔
”ہبل ٹیلی اسکوپ“کے بارے میں ان کے دیے گئے سابقہ بیان پرجب ”ایکسپریس“نے ان سے دریافت کیاکہ کیاوہ اس بیان پر اب بھی قائم ہیں جس پروفاقی وزیراپنے سابقہ بیان کاکوئی واضح جوازنہیں پیش کرسکے تاہم انھوں نے دعویٰ کیاکہ 1962میں پاکستان نے راکٹ خلاء میں بھیجاتھا، پاکستان اس وقت سوویت یونین کے بعد دوسراملک تھاجس کاراکٹ خلاء میں گیاتھا، اب بھی اسلامی دنیامیں ”اسپیس سائنس“میں پاکستان سے سب آگے ہے اوریہ برتری قائم رہے گی۔
یادرہے کہ اس سے قبل انھوں نے بیان دیاتھاکہ ہبل ٹیلی اسکوپ ”اسپارکو“کی جانب سے خلاء میں بھیجی گئی جس پر سوشل میڈیاپران پر تنقید کی جارہی تھی کیونکہ یہ ٹیلی اسکوپ 1990میں ناساکی جانب سے خلاء میں بھجوائی گئی تھی۔