لاہور:
زمبابوے سے سیریز کے لیے بائیو سیکیورٹی پلان حتمی مراحل میں داخل ہوگیا تاہم 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے طویل تعطل کے بعد بالآخر انگلینڈ نے بائیو سیکیور ماحول کا تصور پیش کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع کیا تھا، یہ تجربہ کامیاب رہا،اس تجربے نے دیگر کرکٹ بورڈز کو بھی حوصلہ دیاکہ قرنطینہ اور ایس او پیز پر عمل کیا جائے تو محفوظ انداز میں مقابلوں کا انعقاد ہو سکتا ہے۔
پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ پروٹوکولزکے تحت زمبابوے سے سیریز کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہا ہے، اس ضمن میں انگلش کرکٹ بورڈ اور دیگر اداروں کے طریقہ کار سے رہنمائی بھی لی جا رہی ہے، تماشائیوں کو داخلے کی اجازت دینے کیلیے ابھی تک کوئی تجویز زیر غور نہیں،اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے شیڈول اور حفاظتی اقدامات کی تفصیل زمبابوین بورڈ کو ارسال کردی ہے، 8 سے10 روز میں اسے حتمی شکل دیدی جائے گی۔
بورڈ حکام آئی سی سی گائیڈ لائنز کی روشنی میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور زمبابوے سیریز کے بائیو سیکیور ماحول کو یقینی بنانے کیلیے متعلقہ حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔
پی سی بی شعبہ میڈیکل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے دورہ انگلینڈ سے واپسی پر بائیو سیکیور ماحول کے حوالے سے مکمل رپورٹ حکام کو دیدی ہے۔ اب ٹیم مینجمنٹ کے دیگر اراکین سے بھی بائیو سیکیور ماحول پر تجاویز لی جا رہی ہیں۔
ابتدائی پلان کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کی 20 اکتوبر کو آمد کا امکان ہے،ایک ہفتے قرنطینہ کے بعد سیریز 28 یا 30 اکتوبر سے شروع ہوگی، دونوں ٹیموں میں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں جائیں گے۔