چوکوں، چھکوں کی برسات نے راولپنڈی کا رخ کر لیا

0
99

لاہور:

چوکوں، چھکوں کی برسات نے راولپنڈی کا رخ کرلیا جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ملتان میں شیڈول پہلا مرحلہ ناردرن کی برتری کے ساتھ ختم ہوا، خیبرپختونخوا دوسرے، بلوچستان تیسرے، سندھ چوتھے، سینٹرل پنجاب پانچویں اور سدرن پنجاب چھٹے نمبر پر رہی، دوسرا راؤنڈ جمعے کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، اب تک ناقابل تسخیر ناردرن کی قیادت شاداب خان نے سنبھالی ہے۔

ہوم گراؤنڈ پر سینٹرل پنجاب کیخلاف کمان عماد وسیم سنبھالیں گے،وہ حال ہی میں انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر واپس آئے ہیں، ٹیم کو حیدر علی، ذیشان ملک، علی عمران اور آصف علی جیسے بیٹسمینوں کی خدمات حاصل ہیں، وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر بھی فارم میں ہیں، آل راؤنڈر حماد اعظم اورسہیل تنویر بھی موجود ہیں، پیس بیٹری میں حارث رؤف ایونٹ کے دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں، محمد عامر اور موسیٰ خان بھی ساتھ ہوں گے۔

 

دوسری جانب سینٹرل پنجاب کی ٹیم سعد نسیم کی قیادت میں ناکامیوں کا شکار رہی،انگلینڈ سے واپسی پر چند روز آرام کرنے والے بابر اعظم کپتانی کا چارج سنبھالنے کے ساتھ بیٹنگ کو بھی مضبوط سہارا دینے کی کوشش کریں گے۔ ان کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر عبداللہ شفیق، جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل، عابد علی اور رضوان حسین کا ساتھ میسر ہوگا، سیکنڈ الیون سے ترقی پانے والے محمد اخلاق مڈل آرڈر کو مضبوط بنا سکتے ہیں،ظفر گوہر، عثمان قادر، احسان عادل، نسیم شاہ اور عثمان قادر بھی میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں۔

دوسرے میچ میں سندھ کی ٹیم ایکشن میں ہوگی، کپتان سرفراز احمد کو شرجیل خان اور خرم منظورکا ساتھ حاصل ہوگا،اعظم خان بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں، سعود شکیل اور احسان علی بھی موجود ہوں گے،بولرز میں میر حمزہ، محمد اصغر، محمد حسنین، محمد طحہٰ اور سہیل خان سلیکشن کیلیے دستیاب ہیں۔

حریف ٹیم سدرن پنجاب نے ابھی تک پہلی فتح کا مزا بھی نہیں چکھا،اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، ان فارم صہیب مقصود، حسین طلعت اورخوشدل شاہ شامل ہیں، سیکنڈ الیون سے زین عباس اور محمد عمران کو بھی لیا گیا ہے،آل راؤنڈر عامر یامین اور پیسر دلبر حسین سیکنڈ الیون سے ترقی پاکر آئے ہیں، وکٹ کیپر ذیشان اشرف جارحانہ بیٹنگ بھی کرسکتے ہیں۔

دریں اثناء کوچز نے دوسرے راؤنڈ میں بہتر کارکردگی کا عزم ظاہر کیا ہے، سینٹرل پنجاب کے شاہد انورنے اعتراف کیاکہ ٹیم ایونٹ پہلے مرحلے میں ا چھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی، پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں انھوں نے کہا کہ ہم کم از کم مزید 2 میچز جیت سکتے تھے،میں پْرامید ہوں کہ دوسرے راؤنڈکے لیے بابراعظم کی آمد سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ اورٹیم کی کارکردگی بہترہوگی۔

سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی نے کہاکہ ہماری ٹیم میں بہترین ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے وہ توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ شرجیل خان،خرم منظور اور اعظم خان نے مختلف میچز میں انفرادی طور پر متاثرکن کارکردگی پیش کی مگر ہمیں پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے لیے بطور ٹیم فتوحات سمیٹنا ہوں گی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ملتان کی طرح راولپنڈی میں بھی پچز بیٹنگ کے لیے سازگار ہوں گی۔

سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمان نے کہا کہ ایونٹ کا آغاز توقعات کے مطابق نہیں رہا، دوسرے مرحلے کے لیے ٹیم کمبی نیشن کے ساتھ حکمت عملی میں بھی کچھ تبدیلی کی ہے، سیکنڈ الیون کے پرفارمرز زین عباس، دلبر حسین اور محمد عمران کو طلب کرلیا، میں پْرامید ہوں کہ ٹیم بہتر کھیل پیش کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here