لاہور:
قومی ٹی ٹوئنٹی سیکنڈ الیون کی ٹرافی سینٹرل پنجاب نے تھام لی جب کہ آخری لیگ میچ میں ناردرن کو 7وکٹ سے مات ہو گئی۔
ملتان میں فرسٹ الیون کے پہلے مرحلے میں سینٹرل پنجاب نے صرف ایک میچ جیتا، دوسری جانب سیکنڈ الیون نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گذشتہ روز مکمل ہونے والے سیکنڈ الیون ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
آخری لیگ میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 7 وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، ٹیم نے ایونٹ کے5 میں سے 4میچز میں فتوحات سمیٹیں اور 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی۔
ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 133 رنز بنائے، عامر جمال 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، وقاص مقصود نے 3 اور محمد علی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔سینٹرل پنجاب نے جنید علی کے ناقابل شکست 66 رنز کی بدولت آسان ہدف 3 وکٹ پر عبور کرلیا، کپتان نعمان انور نے26 رنز بنائے۔ اطہر محمود نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ کے اختتام پر سینٹرل پنجاب کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب 6،6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے، سندھ چوتھے، بلوچستان پانچویں اور ناردرن کی ٹیم چھٹے نمبر پر رہی۔ بلوچستان کے 17سالہ بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی 235 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، سینٹرل پنجاب کے کامران افضل 8 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔
فاتح کپتان نعمان انور نے کہا کہ بہترین کمبی نیشن اور کرکٹرز کے ذمہ دارانہ کھیل کی بدولت ہم ٹائٹل پانے میں کامیاب ہوئے،ہیڈ کوچ اکرم رضا نے کہا کہ ٹریننگ کیمپ کی بدولت کورونا کی صورتحال میں بھی کھلاڑیوں کو اعصابی طور پر مضبوط بنانے کا مقصد حاصل کیا، محمد اخلاق کی فرسٹ الیون اسکواڈ میں شمولیت پر میں بہت خوش ہوں،امید ہے کہ اس ایونٹ میں بھی مڈل آرڈر بیٹسمین شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔