جنگ بندی کی خلاف ورزی، آرمینیا کی آذربائیجان پر گولہ باری میں 9 افراد جاں بحق

0
81

آرمینیا نے جنگ بندی کے چند ہی گھنٹوں بعد آذربائیجان کے رہائشی علاقے پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان اور آرمینیا نے روسی وزیر خارجہ کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھا تاہم چند گھنٹوں بعد ہی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

آذربائیجان کا کہنا ہے کہ آرمینیائی فوج نے شہری علاقے میں میزائل داغے جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے تاہم آرمینیا کا موقف ہے کہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی بلکہ آذربائیجان پر جوابی کارروائی کی ہے۔

جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر روسی وزارت خارجہ نے فریقین کو امن معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں طے پانے والے نکات  پر مکمل عمل کیا جائے اور ایک دوسرے پر حملوں سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ شورش زدہ علاقے نگورنو کاراباخ میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان دو ہفتے سے جاری لڑائی میں 400 سو سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد روس کی ثالثی میں دونوں ممالک نے گزشتہ روز جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here