کراچی:
پاکستان ورلڈ کپ سپر لیگ میں زوردار انٹری کیلیے پْراعتماد ہے، کپتان بابر اعظم نے کہاکہ اب سے تمام کرکٹ 2023 کے میگا ایونٹ کی تیاری کا حصہ ہوگی، شوپیس ٹورنامنٹ میں مضبوط پوزیشن کے ساتھ کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں، زمبابوے سے سیریز میں ہوم کراؤڈ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، اپنے ملک میں ٹیم کی قیادت کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی رواں ماہ اپنے ملک میں زمبابوے سے آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میچز کھیلنے والی ہے، یہ دراصل 2023 کے میگا ایونٹ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ ہے۔ پاکستانی محدود اوورز کی ٹیموں کے نوجوان کپتان بابراعظم بھی اس لیگ کے حوالے سے کافی پْرجوش اور زوردار انٹری کیلیے پْراعتماد ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ آئی سی سی لیگ میگا ایونٹ میں رسائی کا اہم راستہ ہے۔
ہمیں صرف زمبابوے کے خلاف سیریز ہی نہیں جیتنی بلکہ اچھے پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کرنا ہے تاکہ جب ہم ورلڈ کپ کھیلیں تو لوگ ہمیں مضبوط امیدوار قرار دیں، اس لیے اب سے جو ہم کرکٹ کھیلیں گے وہ ہماری 2023 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہوگی، میں خود کافی پْراعتماد اور مجھے اپنی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے کہ ہم اچھا آغاز کرکے میگا ایونٹ کیلیے کوالیفائی کریں گے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کوزمبابوے سے ہوم سیریز تماشائیوں کے بغیر کھیلنا پڑے گی۔
اس حوالے سے بابر نے کہاکہ رواں برس ہم نے ہوم کراؤڈ کے سامنے جتنی بھی کرکٹ کھیلی ہمیں بہت زیادہ پیار اور حوصلہ ملا، کورونا وائرس کی وجہ سے ہم اپنے کراؤڈ کی کمی بہت زیادہ محسوس کریں گے،میں کافی خوش نصیب ہوں کہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع میسر آیا،اس سے بھی بڑا اعزاز ٹیم کی قیادت ملنے کا ہے۔ بابر اعظم نے مزید کہاکہ کئی برس تک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوئی جس کی وجہ سے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو اپنے کیریئر میں زیادہ ترملک سے باہر کھیلنا پڑا، میری یہ خوش قسمتی ہے کہ اپنے ملک میں ٹیم کی قیادت کروں گا، کوشش ہوگی کہ ہماری مہم کا اچھا آغاز ہو۔