لاہور:
امام الحق انگلینڈ میں 150 رنزکی اننگز کھیلنے والے کم عمر ترین کرکٹر بن گئے جب کہ انگلینڈ سے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی اوپنر نے سابق بھارتی کرکٹر کپیل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
برسٹل میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن امام الحق نے 2 اہم سنگ میل عبور کرلے، اوپنر نے131 گیندوں پر ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 151 کی اننگز کھیلی، وہ انگلینڈ میں یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے کم عمر ترین کرکٹر بن گئے،انھوں نے 23 سال 153 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا۔
سابق بھارتی کپتان کپیل دیو نے 1983 میں زمبابوے کیخلاف 175 رنز بنائے تو عمر 24 سال 163 دن تھی۔ امام الحق نے انگلینڈ کیخلاف کسی بھی پاکستانی کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی کھیلی، 20 سال تک یہ اعزاز اعجاز احمد کے پاس رہا جنھوں نے 1999 میں شارجہ میں137 رنز بنائے تھے، فخر زمان نے دوسرے ون ڈے میں138کی اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام درج کرایا لیکن اگلے ہی میچ میں امام الحق سر فہرست ہوگئے۔ جاوید میانداد اور رمیز راجہ انگلینڈ کیخلاف 113، 113کی اننگز کھیل چکے ہیں۔
امام الحق کا کہنا ہے کہ اچھی اننگز سے اعتماد میں اضافہ ہوا، اگر ٹیم جیت جاتی تو زیادہ خوشی ہوتی،انھوں نے کہا کہ فخرزمان جارحانہ کھیلتے ہیں، میرا کام وکٹ پر قیام طویل کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو متحرک رکھنا ہے،ابتدائی 2 وکٹیں جلد گرنے کے بعد میں نے50 اوورز تک کھیلنے کا عزم کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ہدف مشکل تھا لیکن ڈراپ کیچز کی وجہ سے انگلینڈ کیلیے آسانی پیدا ہوگئی، مثبت چیز یہ ہے کہ ہر میچ میں کھلاڑی بہتری کیلیے محنت کررہے ہیں، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اگلے میچز میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔