سان فرانسسسکو (پاکستان نیوز) سماجی رابطے ک ویب سائٹ فیس بک نے امریکی انتخابات کے اختتام تک اپنے قواعدوضوابط سخت کرتے ہوئے سیاسی اور سماجی معاملات سے متعلق اشتہارات چلانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس اقدام کا مقصد انتخابات کے دوران افراتفری اور اشتہارات کے غلط استعمال کے امکانات کو روکنا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک کی انٹیگریٹی کے نائب صدر گے روزن نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ میں 3نومبر کو ہونے والے انتخابات تک ایسے اشتہارات چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جن میں حتمی انتخابی نتائج سے پہلے کسی امیدوار یا جماعت کی جیت کا قبل از قت جیت کا اعلان کیا گیا ہو یا یہ کہ الیکشن حکام یا مصدقہ خبر رساں ادارے کے حوالے سے غلط اعدادوشمار چلائے گئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اشتہارات مخصوص معلومات کے ساتھ چلائیں گے جن میں یہ درج کیا جائے گا کہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے یا امیدوار یا جماعت کی جیت کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔