کراچی:
امریکی صدارتی انتخابات میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن بالآخر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکا کے 46 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج پر جہاں پوری دنیا کی نظریں ٹکی ہوئی تھیں وہیں پاکستانی فنکاروں نے بھی بائیڈن کی جیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ مہوش حیات نے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج میں ہونے والی تاریخ پر اپنی بے چینی کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ الیکشن کو ٹیسٹ میچ قرار دیتے ہوئے کہا، بالآخر 5 روز بعد الیکشن کے نتائج سامنے آگئے۔ انہوں نے بائیڈن اور امریکا میں موجود اپنے دوستوں کو جیت کی مبارکباد دی جو اس دن کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے۔ مہوش حیات نے امید ظاہر کی کہ جوبائیڈن کی جیت ہم سب کے لیے اچھی خبر لے کر آئے۔
جوبائیڈن کی جیت کے ساتھ امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کی کمالا ہیرس بھی امریکی تاریخ کی پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدر منتخب ہوگئی ہیں۔ مہوش حیات نے کمالا ہیرس کی جیت پر کہا آپ کو اس اقدام کو سراہنے کے لیے امریکی ہونے کی ضرورت نہیں کہ کمالا ہیرس کی جیت کا مطلب خواتین کے لیے اور خاص طور پر ان خواتین کے لیے کیا ہے جو سیاہ فام ہیں۔
گلوکارہ قرۃالعین بلوچ جو اس وقت امریکا میں موجود ہیں نے ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ بائیڈن کی جیت کا جشن منارہی ہیں۔
فخرعالم نے بھی جوبائیڈن کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا مبارک ہو نمبر 46 مسٹرپریزیڈنٹ۔
اداکارہ ارمینا خان نے بھی کمالا ہیرس کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے بہت اچھا لگتا ہے جب خواتین نئے سنگ میل عبور کرتی ہیں۔