پاکستان نے بولرز سے بلند توقعات وابستہ کر لیں

0
93

لاہور:

پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ میں بولرز سے بلند توقعات وابستہ کر لیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے ملک میں سخت جان حریف ہے، یہاں مہمان ٹیموں کو ہمیشہ مشکلات پیش آتی ہیں،البتہ پاکستان ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود اور سب جیت کے لیے پْرعزم ہیں، ہم یہاں سے سرخرو ہو کر وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستانی بولرز صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو حریف کو حیران کرسکتے ہیں،نیوزی لینڈ کے پاس 150کی اسپیڈ رکھنے والے لوکی فرگوسن موجود تو ہمارے پاس بھی 4برق رفتار بولرز ہیں، محمد حسنین بھی زیادہ تیز ہیں، حارث رؤف، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی کی اسپیڈ بھی کم نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہر ملک میں ہمیشہ نئی کنڈیشنز کا سامنا ہوتا ہے، نیوزی لینڈ میں ہوا تیز چلتی ہے۔ وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی کو اس طرح کے ماحول میں بولنگ کا تجربہ حاصل ہے، حارث رؤف آسٹریلیا اور انگلینڈ میں کرکٹ کھیل چکے ہیں، محمد حسنین نے بھی ٹور کیا۔

مصباح الحق نے کہا کہ مجموعی طور پر بہت زیادہ تجربہ نہیں مگر پیسرز انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہورہے ہیں، سب اپنی پیس اور صلاحیت سے کیویز کو حیران کرسکتے ہیں،بولرز ہوا کے رخ کو اپنی سوئنگ کے لیے مددگار بنا سکتے ہیں، خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی اپنی مہارت کا بہتر استعمال کرنے کے اہل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سخت موسم میں بولرز کیلیے خود کو چاک و چوبند رکھنا بھی آسان نہیں ہوگا، بہر حال اس ضمن میں کام کر رہے ہیں،بولرز سوئنگ، یا رکرز اور سلو بالز کی مدد سے حریف کیلیے مشکلات پیدا کرتے ہوئے ٹیم کو میچ جتوا سکتے ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here