استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں بہت انتشار ہے، شاہ محمود قریشی

0
108

اسلام آباد:

 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں بہت انتشار ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسلسل سیزفائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ایل او سی پر یو این آبزرور کی گاڑی پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے،امن برقرار رکھنے والوں پو فائرنگ بہت بڑا جرم ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور پاکستان نے اس کی درخواست کی ہے۔

 

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ امن برقرار رہے اور خطے کی صورتحال میں مزید بگاڑ پیدا نہ ہو،بھارت ایسی حرکتیں کر رہا ہے جس سے خطے کا امن تباہ ہو، بھارت منصوبہ بندی کرکے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، اطلاعات ہیں کہ بھارت بہانہ بنا کر کوئی سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے،بھارت نے کوئی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی تو اسے بروقت اور مناسب جواب ملے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ہمسایہ ممالک سے معاشی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت نے کوئی حرکت کی تو جواب دینے پر مجبور ہوں گے، افغانستان میں امن ہواتو پورا خطہ مستفید ہو گا، افغانستان سے توجہ ہٹی تو اس کا ذمہ دار بھارت ہو گا۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفوں کی دھمکیوں پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم میں یکسوئی نظر نہیں آ رہی، استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں بہت انتشار ہے، پی ڈی ایم میں ایک حصہ استعفے دینا چاہتا ہے ایک حصہ مخالف ہے، اگر وہ استعفوں میں سنجیدہ ہیں تو اس میں رکاوٹ کیا ہے؟، اپوزیشن اپنے استعفے اسپیکر کے پاس فوری طور پر جمع کروا سکتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here