بھارتی ایجنسی را پاکستان میں خلفشار پیدا کرنے ، علیحدگی پسند تحریکوں کی امداد میں ملوث ہے
واشنگٹن(پاکستان نیوز) پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی پاکستان میں خلفشار پیدا کرنے ،علیحدگی پسند تحریکوں کی امداد کرنے اور دہشت گردی میں ملوث ہے ، پاکستان نے عالمی برادری کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے خطے میں پائیدارامن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ امریکی ہفت روزہ جریدے ’’ کرسچین سائنس مانیٹر ‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا اسد مجید نے مزید کہا بھارت سے منسلک پاکستان کے ڈوزئیر نے حقائق دنیا کے سامنے رکھ دئیے ہیں، ہم نے پر عالمی برادری خصوصاً امریکہ کی توجہ پاکستان میں بھارت کی طرف سے ہونیوالی ریاستی دہشت گردی کی طرف مبذول کرائی ہے۔ بھارت نے بڑی چالاکی کے ساتھ دنیا میں اپنے آپ کو دہشت گردی کا شکار ملک کے طور پر پیش کیا جبکہ حقیقت اسکے برعکس ہے۔ بھارت خطے کو نہ صرف عدم استحکام کی جانب دھکیل رہا ہے بلکہ پاک۔ چین اقتصادی راہداری کے عظیم منصوبے کو بھی سبوتاڑ کرنے کیلئے سرگرم ہے۔پچھلے دو برسوں سے دہشت گردی کی کاروائیوں میں واضح طور پر بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔