نیویارک (پاکستان نیوز)بغداد ائرپورٹ پر شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی تصاویر نصب کئے جانے پر امریکہ کو تشویش لاحق ہو گئی ہے۔ایک عراقی نیوز چینل کے مطابق واشنگٹن نے دھمکی دی ہے کہ اگر سپاہ قدس کے کمانڈر اور الحشد الشعبی کے سربراہ کی تصاویر بغداد ائیرپورٹ پر نصب کی گئی تو امریکہ عراق کے خلاف پابندیاں لگا دے گا۔عراق کے العہد ٹی وی چینل نے بدھ کے روز اپنی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی تصاویر نصب کئے جانے سے سخت تشویش ہے۔العہد کے مطابق ٹرمپ حکومت نے عراقی حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر بغداد ائرپورٹ پر شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی یاد میں پوسٹر اور بینر نصب کئے گئے تو بغداد ائرپورٹ کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔العہد کی جانب سے یہ رپورٹ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی شہادت کی پہلی برسی کی مناسبت سے نشر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ امریکی دہشت گردوں نے رواں سال 3 جنوری کو ایک بمبار ڈرون کی مدد سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا تھا۔عراقی پارلیمنٹ نے اس واقعے کے دو دن بعد ہی عراق میں موجود امریکہ کے تمام باوردی دہشت گردوں کے انخلا سے متعلق بل کو اکثریت آراء سے منظور کر لیا تھا۔