اسلام آباد:
وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے انڈوں، گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایات وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے جاری رجحان کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو مہنگائی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار میں 0.11 فیصد معمولی اضافہ ہوا ہےاورگزشتہ ہفتے کے دوران 10 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی جبکہ انڈے ، گندم کا آٹا اور ٹماٹر کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس موقعے پروزیر خزانہ حفیظ شیخ نے انڈوں، گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور گندم انڈوں اور آٹے کی قیمتوں کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے جبکہ اجلاس میں گندم اور چینی کے ذخائر کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں دونوں اشیاء کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہےجبکہ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے گھریلو استعمال کے گندم کے ذخائر کی صورتحال کافی قرار دیا اورصوبوں سے روزانہ اوسطا گندم کی سپلائی بھی قابل اطمینان قراردیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں پر گہری نظر رکھی جائے۔ وزیر خزانہ نے صوبوں کو ہدایت کی کہ سستی قیمتوں پر گندم کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا مزیدکہنا تھا کہ چینی اور گھی کی قیمتوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اورمناسب قیمتوں پر بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔