نیویارک(پاکستان نیوز) بدھ کی شام ایک درجن سے زائد دنیا کی نامور ترین شخصیات کے ٹوئٹر اکاﺅنٹس ہیک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن میں امریکہ کے ممکنہ صدارتی امیدوار جو بائیڈن، ارب پتی بل گیٹس اور ریپر کین ویسٹ شامل ہیں۔ شائع ہونے والی ٹوئیٹس میں ‘بٹ کوائن’ کی صورت میں عطیات مانگے گئے تھے۔ فوری طور پر معاملے کی واضح وجوہ کا پتا نہیں لگ سکا۔ لیکن، مسئلے کی سطح اور تناسب سے لگتا تھا کہ معاملہ کسی ایک اکاﺅنٹ یا ایک سروس تک محدود نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے شیئر مارکیٹ کاروبار بند ہونے پر ٹوئٹر کے حصص میں تقریباً چار فی صد کی کمی واقع ہو چکی تھی۔ ایک اِی میل میں ٹوئٹر نے بتایا ہے کہ معاملے پر غور کیا جا رہا ہے، اور جلد ہی اس پر تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا۔ چند ٹوئیٹس کو فوری طور پر ڈیلیٹ کیا گیا، لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ اکاﺅنٹس پر پھر سے قبضے کی کوششیں جاری تھیں۔ ٹیسلا کے ارب پتی سربراہ، ایلون مسک کے معاملے میں ‘کرپٹو کرنسی’ سے متعلق ٹوئیٹ کے مطالبے کو پہلے ڈیلیٹ کیا گیا، لیکن کچھ ہی دیر میں اسی موضوع پر ایک اور ٹوئیٹ سامنے آیا۔ امیزون کے بانی جیف بزوز اور اوبر اور ایپل کے کارپوریٹ اکاﺅنٹس بھی متاثر دکھائی دیے۔ بائیڈن کی انتخابی مہم کے ترجمان سے بیان لینے کی کوشش کی گئی، لیکن انھوں نے فوری رد عمل ظاہر نہیں کیا؛ جب کہ ٹیسلا بیان دینے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔