لاہور:
بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کیلیے کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ وزارت توانائی کو پیش کردی۔
ذرائع کے مطابق سی ای او گدو پاور حماد عامر ہاشمی نے انکوائری کمیٹی بنائی جس نے مختلف لوگوں کے انٹرویو کیے۔ اس دوران اولڈ گدو پاورپلانٹ کی پوری شفٹ غفلت کی مرتکب پائی گئی۔ بریک ڈاؤن گدو پاور پلانٹ کے اولڈ یونٹ میں عملے کی طرف سے غلط آپریشن کے باعث ہوا۔
600 میگا واٹ کے گدو پاور پلانٹ کے اولڈ یونٹ سے بلوچستان کو بجلی سپلائی کی جاتی ہے۔ غلط سوئچنگ سے ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہوئی اور این ٹی ڈی سی کا ٹرانسمیشن سسٹم ٹرپ کر گیا۔ سینٹرل پاورجنریشن کمپنی گدو پاورپلانٹ کے سی ای او حماد عامر ہاشمی نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انکوائری کمیٹی دو روز میں اپنی رپورٹ مکمل کرے گی۔