کراچی:
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ میں شکست کے حوالے سے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
لاہور روانگی سے قبل نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا نومنتخب چیئرمین پی سی بی سلیم یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ میں شکست کے حوالے سے کرکٹ کمیٹی کا اجلاس کل لاہور میں ہو رہا ہے، جس میں نیوزی لینڈ میں شکست کے حوالے سے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
سلیم یوسف نے بتایا کہ کمیٹی کے ارکان میں سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم سابق ٹیسٹ کرکٹر عمرگل، ویمن چیف سلیکٹر عروج ممتاز اور علی نقوی شامل ہیں، جب کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس سے سیریز میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر تفصیلی بات ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میری پہلی سربراہی میں ہونے والا اجلاس اہمیت کا حامل ہوگا، دائرہ اختیار کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر تفصیلی بحث ہوگی، کوچز کی آرا جا ننے کے بعد کمیٹی کے ارکان کی باہمی مشاورت سے سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو پیش کردی جائیں گی، اجلاس میں قومی کرکٹ کے حوالے سے اہم امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔